کابل (پاک ٹوڈے): افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستانی میڈیا میں سامنے آنے والی ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ افغان سرزمین سے 8 ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور پاکستانی فورسز نے انہیں مار گرایا۔
ذبیح اللہ مجاہد نے بدھ کو سلام وطندار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر حقیقت پر مبنی نہیں، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی میڈیا نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ افغان طالبان کی جانب سے بھیجے گئے 8 ڈرونز کو پاکستانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے نشانہ بنا کر گرایا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان میں سے 4 ڈرونز تورخم بارڈر کے قریب جبکہ 4 کوہاٹ سے متصل علاقوں میں ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے مار گرائے گئے۔
افغان طالبان کے ترجمان کی جانب سے تردید کے بعد ڈرونز سے متعلق دونوں جانب کے متضاد دعوے سامنے آ گئے ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔
