کراچی (پاک ٹوڈے ): شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پسند کی شادی کرنے پر بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی 17 سالہ بہن کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس ذرائع اور ترجمان کراچی پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد، سیکٹر 10 بسم اللہ کالونی کے ایک مکان میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ مقتولہ کی شناخت زرقا بی بی دختر محمد رئیس خان کے نام سے ہوئی۔ واقعے کے فوراً بعد لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات اور پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ نے حال ہی میں اپنی پسند سے نکاح کیا تھا۔ گزشتہ شب جب اس نے اہلخانہ کو اپنے نکاح کے بارے میں آگاہ کیا اور نکاح نامہ دکھایا تو گھر میں تنازع کھڑا ہو گیا۔ مبینہ طور پر رشتہ داروں کے اشتعال دلانے پر مقتولہ کے بھائی سفیر خان نے طیش میں آ کر اپنی بہن کے سر میں گولی مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
واقعے کے بعد ملزم سفیر خان ہتھیار سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مومن آباد پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تمام زوایوں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
