پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور میں ایف آئی اے پشاور زون نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ انسانی اسمگلر اور ایجنٹ فیروز خان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق 16 ستمبر 2026 کو سورس کی نشاندہی پر چارسدہ روڈ پر مسافر فش پوائنٹ کے قریب انکوائری نمبر 399/2026 کے سلسلے میں چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شکایت کنندہ آصف خان سے مبینہ طور پر 9 ہزار امریکی ڈالر، مزید 3 ہزار 500 امریکی ڈالر اور 4 لاکھ روپے وصول کیے۔ ملزم نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ کو روس سے بیلاروس اور پولینڈ کے زمینی راستے کے ذریعے جرمنی پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
