لاہور (پاک ٹوڈے): علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کا سنگین سیکیورٹی لیپس سامنے آیا ہے، جہاں ایک شخص بغیر ٹکٹ، پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کے سیکیورٹی کے تمام مراحل عبور کرتا ہوا انٹرنیشنل ڈیپارچر بریفنگ ایریا تک جا پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 35 سالہ ملزم، جس کی شناخت احمد علی ولد محمد شہباز (سکنیٰ پسرور، ضلع سیالکوٹ) کے نام سے ہوئی ہے، کافی دیر تک ڈیپارچر لاؤنج میں آزادانہ گھومتا رہا۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ سیکیورٹی پر مامور اہلکار اس کی غیر قانونی موجودگی سے مکمل طور پر بے خبر رہے۔
واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ملزم واپس باہر نکلنے لگا۔ اس کی مشکوک حرکات پر اے ایس ایف کے اہلکاروں نے اسے روکا اور چیکنگ کی، تو انکشاف ہوا کہ اس کے پاس سفر یا ایئرپورٹ میں داخلے کی کوئی دستاویز موجود ہی نہیں تھی۔ ملزم کا تمام حفاظتی چیک پوائنٹس سے بچ کر ڈیپارچر لاؤنج تک پہنچ جانا ایئرپورٹ سیکیورٹی کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
اے ایس ایف نے ملزم کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد تھانہ سرور روڈ میں پولیس کی مدعیت میں ملزم کے خلاف دفعہ 420 (دھوکہ دہی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود متعلقہ اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں جس بھی اہلکار کی غفلت یا لاپرواہی ثابت ہوئی، اس کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
