انگلینڈ (پاک ٹوڈے): انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
بٹلر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ساؤتھیمپٹن میں کھیلے گئے اس مقابلے میں جوس بٹلر نے حریف بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور محض 44 گیندوں پر 80 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ان کی اس دھواں دھار اننگز میں 8 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
اس عمدہ اننگز کی بدولت جوس بٹلر کے 161 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کل رنز کی تعداد 4,292 ہو گئی ہے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارت کے روہت شرما (4,231 رنز) کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں اب صرف پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم جوس بٹلر سے آگے ہیں، جنہوں نے 145 میچوں میں 4,596 رنز بنا رکھے ہیں۔
بٹلر کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے میچوں میں رنز کی یہ دوڑ مزید دلچسپ صورتحال اختیار کر جائے گی۔
