اسلام آباد (پاک ٹوڈے): مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشیدگی اور برطانیہ کے ریڈار و فلائٹ آپریٹنگ سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی فنی خرابی کے باعث پاکستان بھر کے ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق فلائٹ آپریشنز میں اس اچانک تعطل کے نتیجے میں مختلف ممالک کو جانے والی 41 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 30 پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
متاثرہ پروازوں میں بالخصوص سعودی عرب کے اہم شہروں جدہ، مدینہ اور ریاض کے علاوہ دبئی، شارجہ، بحرین، قطر، ترکیہ اور لندن جانے والے روٹس شامل ہیں۔ شہروں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سب سے زیادہ 14 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 10 اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے 9 پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ اسی طرح ملتان اور پشاور کے ایئرپورٹس سے بھی 4، 4 بین الاقوامی پروازیں منسوخی کی زد میں آئیں۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی 15 پروازوں کے شیڈول میں 3 سے 7 گھنٹے تک کی غیر معمولی تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر ایوی ایشن نیٹ ورک کی اس خلل اندازی کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں، جنہیں شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پروازوں کی بحالی اور مسافروں کی سہولت کے لیے متبادل انتظامات پر کام جاری ہے۔
