جکارتا (پاک ٹوڈے): انڈونیشیا کے سمندر ‘جاوا سی’ میں 243 مسافروں کو لے جانے والی ایک مسافر کشتی اچانک لاپتا ہو گئی، تاہم امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 103 افراد کو زندہ ریسکیو کر لیا ہے جبکہ ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مسافر بحری جہاز جاوا کے معروف شہر سورابایا سے روانہ ہو کر بورنیو جزیرے کے جنوبی کالیمانتان صوبے کے شہر بنجرماسن جا رہا تھا کہ دورانِ سفر اس کا حکام سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
انڈونیشیا کے قومی سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے ترجمان کے مطابق، جہاز سے آخری بار رابطہ ہونے پر عملے نے شدید اور خراب موسم کا سامنا ہونے کی اطلاع دی تھی۔ ریکارڈ کے مطابق جہاز کی آخری معلوم پوزیشن جاوا سی میں بنجرماسن کی بندرگاہ سے تقریباً 148 کلومیٹر دور ریکارڈ کی گئی تھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی انڈونیشین حکام نے وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ امدادی ٹیمیں اور بحری جہاز باقی ماندہ لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے سمندر میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ لاپتا افراد کی سلامتی کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
