اسلام آباد (پاک ٹوڈے) وفاقی حکومت نے گندم کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے درآمد کا عمل شروع کر دیا، حکومت نے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق گندم درآمد کرنے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، گندم درآمد کے لیے تکنیکی بولیاں 16 ستمبر کو کھولی جائیں گی۔
درآمدی گندم میں سندھ کے لیے 3 لاکھ ٹن، پنجاب کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار ٹن جبکہ خیبرپختونخوا کے لیے 2 لاکھ ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ساڑھے 7 لاکھ ٹن گندم کی درآمد سے مقامی مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں گندم کی سالانہ کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے، جبکہ گزشتہ سال گندم کی پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی، یوں ملکی پیداوار سالانہ کھپت سے تقریباً 17 لاکھ ٹن کم رہی۔ جولائی کے پہلے ہفتے تک پاسکو کے پاس 17 لاکھ 8 ہزار ٹن گندم کا ذخیرہ موجود تھا۔
وفاقی حکومت کا 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ
ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری، تکنیکی بولیاں 16 ستمبر کو کھلیں گی
8
