اسلام آباد (پاک ٹوڈے) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کا مسئلہ ہے، اسی لیے چیف جسٹس سے کیس کی سماعت جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام اسٹیٹس کو سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اور 27 ستمبر کو پرامن مارچ ہوگا۔ یہ شوقیہ مارچ نہیں بلکہ عوام کے جمہوری مطالبات کے لیے ہوگا، مارچ میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی مارچ میں شامل ہوں گی۔ عوام جمہوری انداز میں تبدیلی اور نئے انتخابات چاہتے ہیں، جبکہ عوام سیاسی تناؤ اور تقسیم سے بیزار ہو چکے ہیں۔
نئے صوبوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس معاملے میں جلد بازی نقصان دہ ہوگی۔
انہوں نے نرسنگ کالج کے واقعے میں طلبہ پر پولیس تشدد کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد نہیں ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبوں سے متعلق بیان کو بھی قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے الفاظ واپس لیں۔
