لاہور (پاک ٹوڈے): انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے زمان پارک کے باہر پولیس اہلکاروں پر حملے اور کارِ سرکار میں مداخلت سے متعلق درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایکٹوسٹ فلک جاوید کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت منظور کر لی ہے۔
کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج ملک عابد حسین نے کی۔ سماعت کے دوران فلک جاوید کے وکیل ممتاز قانون دان بیرسٹر میاں علی اشفاق نے موقف اختیار کیا کہ ان کی موکلہ پر لگائے گئے الزامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور انہیں محض سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے کیس میں نامزد کیا گیا، لہذا وہ ضمانت کی مستحق ہیں۔ دوسری جانب پراسیکیوشن اور سرکاری وکلاء نے درخواست کی شدید مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزمہ پولیس پر حملے کے واقعے میں براہِ راست ملوث رہی ہیں۔
عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے اور کیس ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد فلک جاوید کی ضمانت منظور کرنے کا حکم سنایا۔ واضح رہے کہ تھانہ ریس کورس میں درج اس مقدمے میں ضمانت ملنے کے باوجود فلک جاوید کی فوری رہائی ممکن نہیں ہو سکے گی، کیونکہ وہ ۹ مئی کے واقعات سے متعلق درج دیگر متعدد مقدمات میں نامزد ہیں اور فی الوقت جیل میں قید ہیں۔
