کوئٹہ (پاک ٹوڈے): کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 4 اگست سے 22 اگست کے درمیان کی جانے والی 7 مختلف کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ تنظیم کے ترجمان میجر گوہرام بلوچ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ان حملوں میں سیکیورٹی فورسز کے 11 اہلکاروں اور 2 مبینہ ایجنٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 22 اگست کو آواران کے علاقے کولواہ میں روڈ سیکیورٹی کے دستے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 5 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوئے، جبکہ اسی روز جھاؤ کے علاقے شیریں و فرہاد میں پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کر کے دو افراد کو ہلاک کرنے کا ادعا کیا گیا۔ مزید برآں، 15 اگست کو قلات میں آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے 3 اہلکاروں، 13 اگست کو سوراب میں موٹر کیڈ پر حملے کے دوران 3 اہلکاروں کی ہلاکت، جبکہ 4 اگست کو پنجگور میں پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے کے دعوے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ان تمام دعووں اور ہلاکتوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
