اسلام آباد (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں صوبے میں ایمرجنسی لگانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایوانِ صدر کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں صدر مملکت کی معاونت شیری رحمان، سید نوید قمر، سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے کی۔ اس موقع پر 13 اکتوبر بروز منگل قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں اہم فیصلوں کی منظوری متوقع ہے۔
