ماسکو (پاک ٹوڈے): روسی صدر ولادیمیر پوتین نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین نے روس کی اقتصادی تنصیبات پر حملے کر کے اپنے لیے تباہی کا راستہ چن لیا ہے اور روس اس کا انتہائی شدید اور تباہ کن جوابی حملہ کر رہا ہے۔
روس کے اخبار ‘وستی’ اور سرکاری ٹیلی ویژن کو دیے گئے انٹرویو میں صدر پوتین نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے روسی آئل ریفائنریوں اور لاجسٹکس مراکز کو ڈرون سے نشانہ بنانے کے بعد ماسکو نے کییف اور دیگر شہروں کی اقتصادی و دفاعی تنصیبات پر انتہائی کاری ضرب لگائی ہے۔ پوتین کا کہنا تھا کہ "کییف حکومت نے ہماری معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر نتیجہ یہ نکلا کہ اس نے اپنے لیے جہنم کے دروازے کھول لیے ہیں۔”
روسی صدر نے مزید کہا کہ ماسکو کی جوابی کارروائیوں سے فرنٹ لائن پر جنگی مقاصد کا حصول آسان ہوا ہے اور یوکرین کی ہتھیار سازی اور سپلائی لائنز مفلوج ہو چکی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ یوکرینی اناج کی برآمدات کو نشانہ بنانے کے باوجود روس عالمی منڈی میں خوراک کی ترسیل کو متاثر نہیں ہونے دے گا۔
