حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 11 مزدوروں کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔
واقعہ کیسے پیش آیا؟
پولیس کے مطابق اتوار کے روز ضلع کوہلو کی تحصیل جاندران کے علاقے ہوسری (زرکوانہ) میں مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مزدور چمالنگ میں کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے اور چھٹیوں کے دوران دو پک اپ گاڑیوں میں دکی جا رہے تھے۔ نامعلوم مسلح افراد نے راستے میں دونوں گاڑیوں کو روک کر مزدوروں کو باہر نکالا اور قریبی پہاڑی علاقے کی طرف لے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق بعد ازاں تمام مزدوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔
پولیس کا سرچ آپریشن
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کوہلو طیب اقبال نے بتایا کہ وہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق لاشوں کو شناخت اور قانونی و طبی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کوہلو منتقل کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق مزدوروں کی شناخت
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدوروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان میں سے تین کا تعلق ضلع دکی، ایک کا ضلع زیارت کی تحصیل سنجاوی، جبکہ باقی سات افراد کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔
ضلع دکی سے تعلق رکھنے والے مزدور:
* محمد خالد ولد حبیب
* گل محمد ولد نور محمد
* نیاز محمد ولد جلات خان
ضلع زیارت کی تحصیل سنجاوی سے تعلق رکھنے والا مزدور:
\- محمد حسن ولد نور محمد
افغانستان سے تعلق رکھنے والے مزدور:
* عصمت اللہ ولد عبد الودود
* فیروز خان ولد درویش
* جار اللہ ولد نامعلوم
* عبد الناصر ولد عبد البصیر
* عبد الکبیر ولد عبد الحکیم
* عبد الرحمن ولد پائند
* خان ولد عبد القدیر
مزدوروں کے لیے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ
اس واقعے کے بعد چمالنگ اور دکی کے درمیان سفر کرنے والے کوئلے کی کانوں کے مزدوروں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، تاہم حملہ آوروں کی شناخت اور ان ہلاکتوں کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
حملے کی ذمہ داری کس نے قبول کی؟
اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے قبول نہیں کی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اس علاقے میں کافی فعال ہے اور ماضی میں بھی اس نوعیت کے حملوں میں ملوث رہی ہے۔
بلوچستان میں طویل عرصے سے متعدد بلوچ عسکریت پسند گروہ اور تحریک طالبان پاکستان سیکیورٹی فورسز کے علاوہ پنجاب اور سندھ سے تعلق رکھنے والے معدنیات کے شعبے سے وابستہ افراد کو بھی نشانہ بناتے رہے ہیں۔
