راولپنڈی (پاک ٹوڈے): راولپنڈی میں مبینہ فحاشی کے مقدمات میں گرفتار 22 مرد و خواتین کو عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواستیں بھی مسترد کر دی گئیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جہاں زیب امان نے 9 مردوں اور 13 خواتین کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ہتھکڑیاں کھلوا دیں۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے جسمانی ریمانڈ کے مطالبے کو بھی منظور نہیں کیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ سرچ وارنٹ کے بغیر گھروں میں داخل ہونے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟ پولیس کے مطابق تھانہ روات اور تھانہ نصیر آباد کی ٹیموں نے مختلف گھروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گرفتاریاں کی تھیں۔
عدالت نے مقدمات خارج کرتے ہوئے گرفتار تمام مرد و خواتین کو ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔
