جنوبی وزیرستان (پاک ٹوڈے): جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے بازار اور بائی پاس کے علاقوں میں آج 27 نومبر کو دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ رہے گا۔
انتظامیہ کے مطابق کرفیو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک برقرار رہے گا، جس کے دوران مذکورہ علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت پر پابندی ہوگی۔ ہنگامی صورتِ حال میں ضلعی پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی پیشگی اجازت سے سفر کیا جا سکے گا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سمیت ہنگامی خدمات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کرفیو کے اوقات میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور انتظامیہ و سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
