اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیش لیس نظام کے نفاذ کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے تمام دفاتر میں یکم دسمبر 2026 سے نقد لین دین مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اویس افضل نے 25 نومبر کو اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق یکم دسمبر سے ایم سی آئی کے کسی بھی دفتر، ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ میں نقد رقم وصول نہیں کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس، فیس، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام سرکاری ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے قبول کی جائیں گی، جبکہ پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک کے ذریعے ادائیگی بھی ممکن نہیں ہوگی۔
انتظامیہ نے تمام کیش کاؤنٹرز 30 نومبر تک بند کرنے اور دستی رسیدوں کی کتابیں سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے دفاتر میں آن لائن ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی نوٹس بھی آویزاں کیے جائیں گے۔
حکم نامے کے تحت تمام ڈائریکٹرز کو سات روز کے اندر عملدرآمد کی رپورٹ چیف آفیسر کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے افسر یا اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی، جبکہ متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی خلاف ورزی کا ذمہ دار ہوگا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے 31 دسمبر 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق اس منصوبے کے تحت دکانداروں اور کاروباری مراکز کو بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
