ضلع خیبر (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کا ایک اہلکار مارا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مارے جانے والے اہلکار کی شناخت سپاہی مجید خان کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ضلع مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے۔ وہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ونگ نمبر 09 اور پلاٹون 201 میں تعینات تھے۔
رپورٹس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے دوران سپاہی مجید خان کے سر میں گولی لگی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے، تاہم فائرنگ میں ملوث افراد اور واقعے کے محرکات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
