اسلام آباد (پاک ٹوڈے): تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں خوف اور دباؤ کی فضا پیدا کرکے زبردستی نظام چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن ملک اس طرح نہیں چلتے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی کے خلاف جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا گیا اور کارکنوں و قیادت کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمٰن کو کانفرنس میں شرکت سے روکنے اور ان کی نقل و حرکت محدود کرنے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین ہر شہری کو آزادیٔ اظہار اور نقل و حرکت کا حق دیتا ہے، اس لیے کسی سیاسی رہنما کو ایسی سرگرمیوں سے روکنا بنیادی جمہوری حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ ایسے ہتھکنڈوں سے سیاسی تحریک رک جائے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ ملک میں خوف اور ڈر کا ماحول پیدا کرکے نظام چلانے کی کوشش پائیدار نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے بیانیہ بنایا گیا اور صرف پنجاب میں 5 ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق عمران خان کے خلاف تقریباً 300 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ پارٹی کا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی نے 182 سے 183 نشستیں جیتی تھیں، تاہم ان کے بقول دھاندلی کے نتیجے میں جماعت کو تقریباً 92 نشستیں ملیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی عددی برتری بڑھانے کے لیے مزید ارکان کو نااہل کیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 92 سے کم ہو کر 72 رہ گئی۔ اسد قیصر نے اس صورت حال کو آئین، قانون اور اخلاقیات کے منافی قرار دیا۔
تقریب میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی، اسد قیصر، سینیٹر کامران مرتضیٰ، بیرسٹر علی ظفر، سینئر صحافی حامد میر، وکلا اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
