ملتان (پاک ٹوڈے): ضلع مظفرگڑھ کے علاقے سیت پور کے نواح میں بیٹے کی خواہش اور دوسری شادی کے ارادے پر باپ نے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو قتل جبکہ بیوی کو شدید زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد یونس نے تیز دھار آلے سے اپنی دونوں بیٹیوں کے گلے پر وار کرکے انہیں قتل کیا، جبکہ بیوی نسیم بی بی کے سر پر ہتھوڑے مار کر شدید زخمی کر دیا۔
قتل ہونے والی بچیوں کی شناخت 6 سالہ نصرت اور 3 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں بچیوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم سیت پور اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔
واقعے میں زخمی ہونے والی نسیم بی بی کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا، جبکہ بیٹیوں کو قتل اور بیوی کو زخمی کرنے کے بعد ملزم نے خودکشی کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ بھی زخمی ہوگیا۔
سیت پور پولیس نے اپنی مدعیت میں ملزم کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
واقعے پر پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف بیٹا پیدا نہ ہونے پر معصوم بیٹیوں کو قتل کرنا انسانیت سوز اور ناقابل برداشت عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹیوں کو بوجھ سمجھنے والی سوچ معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہے، جبکہ بیٹے اور بیٹی میں تفریق کرنے والی فرسودہ سوچ کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
