پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں کرکٹ کی بحالی اور فروغ کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے متعدد دیگر میچز بھی صوبائی دارالحکومت میں کھیلے جائیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تقریباً 12 سال بعد پشاور میں پی ایس ایل کا افتتاحی میچ اور افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی اور اس کے مالک جاوید آفریدی بھی طویل عرصے سے شہر میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کے خواہاں تھے۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جبکہ پشاور میں ہونے والے میچز کی حتمی تفصیلات اور شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے لیے کرکٹ سے متعلق دیگر اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جنوری میں ایک ہفتے پر مشتمل تین ٹیموں کا کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔ اس میں پاکستان کی سینئر قومی ٹیم، پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم حصہ لیں گی۔ اس مقابلے کا مقصد مقامی شائقین کو قومی سطح کی کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں کو کھیل کے مزید مواقع دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے لیے الگ کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔ اکیڈمی کے مقام اور تعمیر کے شیڈول سے متعلق تفصیلات آئندہ دو ہفتوں میں طے کیے جانے کا امکان ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید بتایا کہ 31 دسمبر کو پشاور کے کرکٹ اسٹیڈیم میں نئے سال کی مناسبت سے خصوصی تقریب منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان کے مطابق یہ تقریب محض موسیقی اور آتش بازی تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اس میں دیگر سرگرمیاں بھی شامل کی جائیں گی تاکہ شہر میں کرکٹ کی واپسی کا جشن منایا جاسکے۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے پاکستان کرکٹ کو کئی نمایاں کھلاڑی دیے ہیں اور صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع، تربیت اور کھیل کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کے نتائج برسوں کے بجائے آنے والے مہینوں میں سامنے آنے چاہئیں۔
انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال بھی پشاور میں میچز کرانے کے لیے بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم بعض انتظامی مسائل اور خدشات کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کی انتظامیہ کی اولین ترجیح امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا اور شدت پسندی کا خاتمہ ہے، جبکہ اس کے ساتھ ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنا بھی اہم ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے اعلان پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
