تہران (پاک ٹوڈے): ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دفتر میں بجلی کی روشنی اور حرارتی نظام بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث وہ سرد ماحول میں کام کر رہے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر موسم مزید سرد ہوا تو وہ ایک چھوٹے کمرے میں منتقل ہو جائیں گے۔ ایرانی حکام اس سے قبل شہریوں سے اپیل کر چکے ہیں کہ گھروں کا درجہ حرارت تقریباً 20 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جائے۔
دوسری جانب ایران نے افغانستان کو ہنگامی بنیادوں پر 2 ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے، بشرطیکہ افغانستان کا بجلی کی ترسیل کا نظام اس کے لیے تیار ہو۔ یہ معاملہ طالبان حکومت کے وزیر خزانہ محمد ناصر اخوند اور ایرانی وزیر توانائی عباس علی آبادی کی ملاقات میں زیرِ بحث آیا تھا۔ یہ ملاقات ایرانی دورے پر آئے طالبان حکومتی وفد کے ساتھ ہوئی۔
صدر پزشکیان نے توانائی کے بحران کے باوجود روزمرہ امور جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام کو ایسے اقدامات کرنے چاہییں جن سے کام متاثر نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی کمی کے باعث کسی شخص کو بے روزگار نہیں ہونا چاہیے اور مشترکہ کوششوں سے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ایرانی صدر کے اس اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے یونیورسٹی کے استاد فواد ایزدی نے کہا کہ صدر کی جانب سے روشنی بند رکھنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کی صورت حال کتنی خراب ہے کہ صدر کے دفتر کو بھی بجلی فراہم نہیں کی جا سکتی۔
