حافظ آباد (پاک ٹوڈے): سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی اپنی رہائش گاہ پر مشکوک حالات میں مردہ پائے گئے ہیں، جبکہ ان کے سکیورٹی گارڈز، ذاتی گاڑیاں، اسلحہ اور دیگر سامان بھی گھر سے غائب ہے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو لیاقت عباس بھٹی کی لاش بیڈ پر موجود تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ان کے سکیورٹی گارڈز ذاتی گاڑیوں سمیت غائب ہیں، جبکہ ان کا ذاتی اسلحہ اور دیگر سامان بھی رہائش گاہ پر نہیں ملا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او حافظ آباد سمیت پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ فرانزک ماہرین نے گھر اور کمرے سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات قتل سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں۔ غائب ہونے والے سکیورٹی گارڈز، گاڑیوں اور سامان کی تلاش کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
لیاقت عباس بھٹی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مہدی بھٹی کے بھائی تھے۔ ان کی اچانک اور مشکوک موت کی خبر کے بعد علاقے اور سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے آ سکیں گے۔
