لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 9 سالہ بچی کو آن لائن ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایف بی آئی کی جانب سے امریکی سفارتخانے کے ذریعے موصول ہونے والی شکایت وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے توسط سے ادارے کو بھجوائی گئی، جس پر تحقیقات شروع کی گئیں۔
شکایت میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایک شخص گوگل اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس کے ذریعے امریکا میں مقیم 9 سالہ بچی سے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد طلب کرنے اور اسے دھمکیاں دینے میں ملوث تھا۔
ابتدائی معلومات اور گوگل کی جانب سے فراہم کردہ صارف کی تفصیلات کی مدد سے متعلقہ اکاؤنٹ کے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے استعمال ہونے کا سراغ لگایا گیا۔ ترجمان کے مطابق مارچ اور اپریل 2026 کے دوران ٹیلی نار پاکستان کے آئی پی ایڈریسز سے بھی اس اکاؤنٹ میں لاگ اِن کیا گیا تھا۔
اجازت ملنے کے بعد این سی سی آئی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد ہاشم طاہر کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے آئی فون 15 سمیت دو موبائل فون برآمد کیے گئے۔ متعلقہ گوگل اکاؤنٹ آئی فون میں موجود تھا، جبکہ دوسرے موبائل فون سے ایک سم کارڈ بھی ملا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سے برآمد ہونے والے موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ جاری ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
