لاہور (پاک ٹوڈے): اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی قیدیوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ 29 فوجی تنصیبات کو جلانا سیاسی حق کیسے ہوسکتا ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کو سیاسی قیدی کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ کسی کے گھر کو جلانا کسی کا سیاسی حق نہیں ہوسکتا اور ایسے جرم میں قید شخص کو سیاسی قیدی قرار دینے کا جواز بھی واضح ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہی دن میں ملک کی 29 فوجی تنصیبات پر منظم اور منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے جائیں تو انہیں محض مشتعل ہجوم یا سیاسی احتجاج کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کے بقول وہ ایسے واقعات کو جاسوسی کی کارروائی تصور کریں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بلاول بھٹو کے صوبوں کی تقسیم سے متعلق مؤقف پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تقسیم کے معاملے پر یکساں آئینی اصول اپنانے چاہییں۔ ایک صوبے کی تقسیم کی حمایت اور دوسرے صوبے میں اس معاملے پر مخالفت بظاہر متضاد مؤقف ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے صوبوں کی تقسیم کی بات پر خون بہنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے، تاہم ملک جلاؤ اور گھیراؤ کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ مئی 2012 میں قومی اسمبلی میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد منظور ہوئی تھی، اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اس قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔
ملک احمد خان کے مطابق پنجاب اسمبلی میں بھی صوبے کی تقسیم سے متعلق دو قراردادیں متفقہ طور پر منظور ہوئیں، جن کے حق میں پیپلز پارٹی نے بھی ووٹ دیا تھا۔ انہوں نے اس معاملے پر سنجیدہ بحث اور سیاسی جماعتوں کے مؤقف میں یکسانیت پر زور دیا۔
