واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن جیرڈ گولڈن نے افغانستان میں امریکی افواج کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کے لیے امریکا میں خصوصی امیگریشن تحفظ کی مدت میں توسیع سے متعلق قرارداد پر ووٹنگ کرانے کی درخواست پر دستخط کر دیے ہیں۔
جیرڈ گولڈن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان میں فوجی مشن کے دوران ان کی ملاقات درجنوں ایسے افغان شہریوں سے ہوئی تھی جنہوں نے امریکی فوجیوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے ان افغان معاونین سے پناہ دینے کا وعدہ کیا تھا اور اب وقت ہے کہ اپنے وعدے کی پاسداری کرے۔
گولڈن کے مطابق اس درخواست کا مقصد افغان اتحادیوں کے لیے امریکا میں موجود خصوصی امیگریشن تحفظ کی مدت میں توسیع کے معاملے پر ایوانِ نمائندگان میں ووٹنگ کرانا ہے۔
