اسلام آباد (پاک ٹوڈے): قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت، جیل میں مبینہ تنہائی اور بنیادی حقوق کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے مشترکہ بیان میں عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو لکھے گئے کھلے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خط میں بیان کردہ حالات اور مبینہ سلوک انتہائی تشویشناک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی صحت، طویل تنہائی، بنیادی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندیوں اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق جو تفصیلات بیان کی ہیں، وہ نظام انصاف کے لیے ایک سنجیدہ سوالیہ نشان ہیں۔
اپوزیشن رہنماؤں کے مطابق ایک سابق وزیراعظم کو اپنی طبی نگہداشت، اہلِ خانہ سے ملاقات اور دیگر بنیادی حقوق کے حصول کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے کھلے خط کے ذریعے رجوع کرنا پڑنا افسوسناک ہے۔ کسی بھی زیرِ حراست شہری کو علاج، وکیل تک رسائی اور منصفانہ سماعت کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خط میں بیان کردہ طویل تنہائی، بیرونی دنیا سے رابطوں کی بندش اور مبینہ ذہنی و جسمانی اذیت کے حالات سابق صدر مصر محمد مرسی کے ساتھ جیل میں پیش آنے والے واقعات کی یاد دلاتے ہیں، جہاں طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور بنیادی حقوق سے محرومی پر سنگین خدشات سامنے آئے تھے۔
مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کے باوجود عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے، ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ سے معائنہ کروانے اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی صورتحال، آنکھ کی بینائی کو لاحق خطرات اور ان کے طبی ریکارڈ تک رسائی میں مبینہ رکاوٹوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے خط میں اٹھائے گئے معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے، ان کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اہلِ خانہ و وکلا سے ملاقاتوں کو یقینی بنایا جائے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے مزید کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف زیرِ سماعت تمام مقدمات کی سماعت بلاجواز تاخیر کے بغیر مکمل کی جائے اور قانون کے مطابق میرٹ پر فیصلے سنائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبات کسی خصوصی رعایت کے لیے نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے ہیں۔ زیرِ حراست ہر شخص کی صحت، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
