راولپنڈی (پاک ٹوڈے): راولپنڈی کی مقامی عدالت نے کروڑوں روپے مالیت کی اراضی پر مبینہ غیر قانونی قبضے کے مقدمے میں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی نعیم اعجاز، ان کے بھائی ندیم اعجاز اور کاروباری پارٹنر سعد نذیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ایڈیشنل سیشن جج قاسم جاوید نے تینوں افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے 25 نومبر کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے تھانہ چونترہ کے ایس ایچ او کو ہدایت کی ہے کہ تینوں ملزمان کی گرفتاری یقینی بنا کر مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
استغاثہ کے مطابق ایم پی اے نعیم اعجاز سمیت تینوں افراد کے خلاف پنجاب کے نئے اراضی قبضہ تحفظ ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ عدالت نے اراضی پر قبضے سے متعلق مقدمے کو بھی سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔
