کابل (پاک ٹوڈے): افغان حکومت کے انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ مولوی عبدالحق وثیق نے دعویٰ کیا ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس میں ظالمانہ تشدد اور اذیت رسانی کی کوئی گنجائش نہیں اور ادارہ شریعت کی روشنی میں طے شدہ قوانین کے مطابق کام کر رہا ہے۔
افغان حکومت کے سربراہ کے احکامات کے اثرات سے متعلق عملی و تحقیقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولوی عبدالحق وثیق نے کہا کہ افغان حکومت کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس پہلا ادارہ تھا جس کے لیے امیر کے خصوصی احکامات کے تحت قوانین مرتب کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ادارہ ان قوانین کے مطابق اپنی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے اور اس کے کام میں ظالمانہ تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
مولوی عبدالحق وثیق نے مزید کہا کہ ان کا ادارہ ہر قسم کے جرائم کے خلاف کارروائی کرتا ہے اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
ان کے بقول ادارے کے اہلکار جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
