اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان نے اپنے وسیع معدنی ذخائر کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے پیش کرنے اور بین الاقوامی مائننگ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کی تیاری کرلی ہے۔ اس سلسلے میں ایس آئی ایف سی کے تعاون سے منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنا ہے۔
پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر اسد احمد کے مطابق دنیا بھر میں اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی طلب پاکستان کے لیے سرمایہ کاری اور معدنی ترقی کے نئے امکانات پیدا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی سی کو تلاش اور کان کنی کے شعبے میں 150 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ادارہ اینٹیمنی، کرومائٹ، تانبا، لوہا اور دیگر اہم معدنیات کی تلاش کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جبکہ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے شفاف اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
انجینئر اسد احمد کے مطابق منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی منصوبوں اور کاروباری مواقع سے روشناس کرانے کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
دوسری جانب یلماز پروسیس ٹیکنالوجیز (وائی پی ٹی) کے پروسیس ڈائریکٹر ڈاکٹر چنار اورہان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر عالمی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے غیر معمولی امکانات رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی معدنیات کی پروسیسنگ کے شعبے میں انجینئرنگ، پروکیورمنٹ، تعمیرات اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف صنعتی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ ان کے مطابق سونے کی بازیابی اور جدید معدنی پروسیسنگ ٹیکنالوجی میں یورپی انجینئرنگ مہارت پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر چنار اورہان کا مزید کہنا تھا کہ وائی پی ٹی پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں طویل مدتی تجارتی تعلقات، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بین الاقوامی شراکت داری کے وسیع امکانات دیکھتی ہے۔
