اسلام آباد (پاک ٹوڈے): جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کو دو ساتھیوں سمیت مبینہ طور پر حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اسلم غوری، قاری افتخار اور مفتی خالد اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ تین گاڑیوں میں سوار 12 سے زائد افراد نے انہیں روک کر اپنی گاڑیوں میں منتقل کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق تینوں رہنماؤں کو تقریباً ایک گھنٹہ اسلام آباد کی مختلف سڑکوں پر گھمانے کے بعد سڑک کنارے اتار کر چھوڑ دیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد جامع فاروق اعظم، مدرسہ آئی نائن کے استاد اور جے یو آئی اسلام آباد کے نائب امیر قاری افتخار کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
تاہم، تینوں رہنماؤں کو حراست میں لینے والے افراد کی شناخت اور اس کارروائی کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔
