اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے) پاکستان میں جاری سیاسی عدم استحکام اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ایک نئے اور ممکنہ طور پر خطرناک مرحلے میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی وفاقی حکومت اور طاقتور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سخت ہوتی تقاریر، ان کے بیٹے اسعد محمود کو مبینہ طور پر مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے نوٹسز اور سوشل میڈیا پر مولانا اور ان کے خاندان کے خلاف جاری مہم نے سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھا دیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کا حالیہ سخت طرزِ بیان غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ وہ پاکستان کے ان سیاست دانوں میں شمار ہوتے ہیں جو سیاسی مزاحمت کے ساتھ ساتھ مفاہمت اور مذاکرات کے راستے بھی کھلے رکھتے ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں ان کی تقاریر میں تلخی اور اسٹیبلشمنٹ پر براہ راست تنقید میں اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر رہے ہیں۔
سینئر صحافی مبشر لقمان نے صحافی مزمل سہروردی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست کے لیے آئندہ سات سے آٹھ دن انتہائی اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنی حالیہ تقاریر میں جس قسم کی مثالیں اور سخت زبان استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے ماضی میں مولانا کو اس انداز میں بات کرتے ہوئے کم ہی دیکھا ہے۔
مبشر لقمان نے مولانا فضل الرحمٰن کو ایک زیرک اور تجربہ کار سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موجودہ طرزِ بیان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
پروگرام کے میزبان مزمل سہروردی نے سوال کیا کہ کیا مولانا فضل الرحمٰن ملک میں مارشل لا لگوانا چاہتے ہیں؟ اس پر مبشر لقمان نے وضاحت کی کہ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ مولانا مارشل لا چاہتے ہیں، تاہم ان کے بقول موجودہ سیاسی حالات میں ان کی وجہ سے ایسے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
مولانا اور ان کے بیٹے کے خلاف کارروائیوں پر جے یو آئی کے تحفظات
جے یو آئی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے سماء ٹی وی کے پروگرام میں ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے بیٹے اسعد محمود کو سی ڈی اے، نیب اور ایف آئی اے سمیت مختلف اداروں کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جانے پر سوالات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ صرف 24 گھنٹوں کے اندر مختلف ادارے اچانک متحرک ہو گئے۔ ان کے مطابق ڈرون کے ذریعے مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ اور مرکز کی ویڈیوز بنائی جا رہی ہیں تاکہ وہاں موجود زمین اور عمارتوں کے رقبے کا جائزہ لیا جا سکے۔
شاہدہ اختر علی نے سوال کیا کہ اگر کوئی قانونی معاملہ موجود ہے تو اس کے لیے باقاعدہ قانونی طریقہ کار اختیار کیوں نہیں کیا جا رہا؟ انہوں نے کہا کہ فروری سے اسلام آباد میں ڈرون اڑانے پر پابندی عائد ہے، اس کے باوجود یہ سرگرمیاں کیسے ہو رہی ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ آڈٹ اور دیگر سرکاری معاملات ایک باقاعدہ سالانہ طریقہ کار کے تحت انجام پاتے ہیں، لیکن سیاسی سوالات اٹھانے کے فوراً بعد اداروں کی غیر معمولی سرگرمیاں کئی سوالات پیدا کرتی ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جے یو آئی کی جانب سے حکومتی پالیسیوں پر سوالات اٹھانے کے بجائے پارٹی قیادت کو مختلف الزامات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عابد شیر علی کا اعتراف، ماضی میں ہم نے بھی ظلم برداشت کیا
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے بھی اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان کی جماعت نے بھی اس قسم کے ظلم اور زیادتیاں برداشت کی ہیں، تاہم ان کے بقول مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، اس بارے میں متعلقہ اداروں سے پوچھنا چاہیے کہ وہ کس کے کہنے پر یہ اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں انہیں بھی تین تین ماہ تک اٹھا کر غائب رکھا جاتا تھا اور احتساب کے اداروں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
عابد شیر علی کے بیان کو اس معاملے میں حکومتی اتحاد کے اندر سے سامنے آنے والی ایک اہم سیاسی آواز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مفتی محمود مرکز کے معاملے پر سخت دھمکیاں
مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی اور جے یو آئی کے رہنما مولانا عطاء الرحمٰن نے پشاور میں پارٹی کے مرکزی دفتر مفتی محمود مرکز پشاور کے خلاف ممکنہ کارروائی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ مفتی محمود مرکز کو کوئی نقصان پہنچایا گیا تو کارکن صرف مرکز تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ان کا رخ براہ راست پشاور میں واقع طاقتور لوگوں گھروں کی طرف ہو گا۔
ایک اور بیان میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر رات کی تاریکی میں مفتی محمود مرکز کو مسمار کرنے کی کوشش کی گئی تو پورا صوبہ جام کر دیا جائے گا اور پارٹی کا اگلا پڑاؤ سڑکیں ہوں گی۔
ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جے یو آئی اس معاملے کو محض کسی جائیداد یا انتظامی تنازع کے بجائے سیاسی اور ادارہ جاتی مسئلے کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور معدنی وسائل کا معاملہ
مولانا فضل الرحمٰن اپنی حالیہ تقاریر میں بار بار یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی ضرورت کیوں پیش آئی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اب تک کیا عملی اقدامات کیے گئے ہیں؟
ان کا دعویٰ ہے کہ سابق قبائلی اضلاع میں قیمتی معدنی وسائل موجود ہیں اور ان علاقوں میں وفاقی کنٹرول بڑھانے کی کوششوں کے پیچھے ان وسائل پر اختیار حاصل کرنے کا معاملہ بھی ہو سکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے سوال اٹھایا ہے کہ وہ کون لوگ تھے جو ان علاقوں کے معدنی نمونے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس لے کر گئے تھے؟ ان کا کہنا ہے کہ ان معدنی وسائل پر پہلا حق وہاں کے مقامی عوام کا ہے اور انہیں کسی صورت اپنے وسائل سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا میں معدنی وسائل پر وفاق اور صوبے کے درمیان اختلافات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت اور صوبائی اسمبلی نے بھی معدنی وسائل پر صوبائی اختیار کے معاملے پر وفاق کے ساتھ اختلافات کا اظہار کیا تھا۔
صوبے کے کئی سیاسی نمائندوں کا مؤقف ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری یا بین الاقوامی کمپنیوں کی آمد کے مخالف نہیں، لیکن معدنیات نکالنے کے ساتھ ان کی پراسیسنگ اور متعلقہ صنعتیں بھی خیبر پختونخوا میں قائم ہونی چاہئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر کمپنیاں صوبے کے معدنی وسائل استعمال کریں تو کارخانے بھی وہیں لگائیں، مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کریں اور صوبے کو اس کے وسائل کا جائز حصہ دیں۔
مقامی سیاسی نمائندوں کے مطابق معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے منافع میں صوبے اور مقامی آبادی کا مناسب حصہ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ معدنیات خیبر پختونخوا سے نکالی جائیں، صنعتیں پنجاب یا اسلام آباد میں قائم ہوں اور معاشی فوائد بھی دوسرے علاقوں کو منتقل ہو جائیں۔
خیبر پختونخوا کے سیاسی نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ کسی صورت ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ معدنی وسائل تو اس صوبے کے عوام کے ہوں، لیکن ان سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کوئی اور لے جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر صوبے میں معدنیات نکالنے کے لیے بین الاقوامی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ تاہم ان کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ خیبر پختونخوا ہی میں صنعتیں اور پراسیسنگ پلانٹس قائم کریں، مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کریں اور صوبائی قوانین کے مطابق معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد میں مقامی آبادی اور صوبائی حکومت کا حصہ یقینی بنائیں۔ معدنیات کی پراسیسنگ کے بعد تیار ہونے والی مصنوعات بیرون ملک برآمد کرنے پر بھی انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ ان کا واضح مؤقف ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے مخالف نہیں، لیکن یہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے کہ معدنیات خیبر پختونخوا سے نکالی جائیں، صنعتیں اور کارخانے دوسرے صوبوں میں قائم ہوں اور ان وسائل سے حاصل ہونے والا فائدہ بھی کوئی اور سمیٹے۔
اپوزیشن جماعتیں مولانا کے ساتھ کھڑی ہو گئیں
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کے لیے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ براہ راست سیاسی محاذ آرائی آسان نہیں ہو گی، کیونکہ پہلے ہی تحریک انصاف کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کی کشیدگی برقرار ہے۔
اب تحریک تحفظ آئین پاکستان، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں نے بھی مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اپوزیشن آئندہ دنوں میں ایک آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تیاری کر رہی ہے، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، حکومتی اقدامات اور اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ کانفرنس اس لیے بھی اہم ہو سکتی ہے کہ اگر اپوزیشن جماعتیں ایک مشترکہ مؤقف اختیار کرنے اور ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کرنے میں کامیاب ہو گئیں تو حکومت کے لیے سیاسی صورتحال کو سنبھالنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بھی ایسے حالات میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے خلاف براہ راست محاذ آرائی کا خطرہ مول لینے سے گریز کر سکتی ہیں، کیونکہ دونوں جماعتوں کی سیاسی پوزیشن پہلے ہی مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کی سیاست میں مزاحمت اور مفاہمت دونوں شامل
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ان کے والد مفتی محمود کی سیاسی تربیت اور فکر کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
مولانا نے اپنے والد سے یہ سیاسی سبق حاصل کیا کہ سیاست صرف تقریروں، احتجاجوں اور جذباتی نعروں کا نام نہیں بلکہ طاقت کے مراکز کو سمجھنے، حالات کا درست اندازہ لگانے، مخالفین سے مذاکرات کرنے اور مشکل وقت میں اپنی سیاسی قوت برقرار رکھنے کا نام بھی ہے۔
ان کی سیاسی زندگی میں مزاحمت اور مفاہمت دونوں پہلو نمایاں رہے ہیں۔ وہ مختلف ادوار میں حکومتوں کا حصہ بھی رہے اور ان کے خلاف اپوزیشن تحریکوں کی قیادت بھی کرتے رہے ہیں۔
اسی سیاسی تجربے کے باعث مبصرین سمجھتے ہیں کہ مولانا کی موجودہ سخت تقاریر کو محض جذباتی ردعمل قرار نہیں دیا جا سکتا، بلکہ اس کے پیچھے کوئی بڑی سیاسی حکمت عملی بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بننے کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن انہوں نے انکار کرتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا کہ وہ عوام کے ووٹوں کے بغیر وزیراعظم نہیں بنیں گے۔
سیاسی بحران کے معیشت پر اثرات کا خدشہ
پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات، مہنگائی، سرمایہ کاری کی کمی اور مالیاتی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے میں حکومت، اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ملکی معیشت کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
سیاسی عدم استحکام کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہونے، غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی اور معاشی فیصلوں میں تاخیر کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔
اب بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا حکومت اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم ہو سکے گی یا اپوزیشن جماعتیں مشترکہ تحریک کی طرف بڑھیں گی؟
مولانا فضل الرحمٰن کے اردگرد مختلف اداروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں، ان کے سخت بیانات، مفتی محمود مرکز کے معاملے پر سامنے آنے والی دھمکیاں اور اپوزیشن جماعتوں کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پاکستان کی سیاست میں ایک نئے بحران کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
آئندہ سات سے آٹھ دن نہ صرف مولانا فضل الرحمٰن بلکہ وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے لیے بھی ایک اہم سیاسی امتحان ثابت ہو۔
