کیف (پاک ٹوڈے): روس نے یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر نئے فضائی حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں دارالحکومت کیف سمیت ملک کے سات علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اور 6 نومبر کی صبح ہونے والے روسی حملوں سے وِنیتسیا، دنیپروپیٹروفسک، ژیتومیر، زاپوریزیا، کیف، خارکیف اور چرنیہیف کے علاقے متاثر ہوئے۔
یوکرین کے نائب وزیر توانائی آرتم نیکراسوف نے بتایا کہ حملوں کے بعد کیف کے علاقے میں صورتحال سب سے زیادہ تشویش ناک ہے۔ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کے باعث بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے مختلف علاقوں میں نیٹ ورک پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ بجلی کی بندش بھی جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے اہلکار مسلسل کام کر رہے ہیں، تاہم انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی شدت کے باعث بجلی کے نظام کو مکمل طور پر معمول پر لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
