واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی ریاست کولوراڈو میں شدید بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولوراڈو کے علاقے پگوسا اسپرنگز میں شدید سیلاب کے باعث متعدد شہریوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، جبکہ کئی خاندان اپنے مکانات سے بھی محروم ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سیلاب کی شدت اور تباہی کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں، جن میں تیز رفتار پانی کے ریلوں میں مکانات کو بہتے اور مکمل طور پر تباہ ہوتے دیکھا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دریائے سان جوآن میں آنے والے سیلابی ریلے متعدد گھروں کو بہا لے گئے۔ حکام کا اندازہ ہے کہ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں 10 سے 15 مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیوں کے دوران تقریباً 50 افراد اور 100 کے قریب جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
