راولپنڈی (پاک ٹوڈے): 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں اہم قانونی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 سال قید اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم سنا دیا ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا۔ پروسیکیوشن کی جانب سے 19 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جانے کے بعد تمام اشتہاری ملزمان کا الگ ٹرائل مکمل کیا گیا، جس میں جے آئی ٹی نے ملزمان کو 9 مئی واقعات کا مرکزی منصوبہ ساز اور سازش میں ملوث قرار دیا ہے۔
سزا پانے والے اہم رہنماؤں اور ملزمان میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، زلفی بخاری، شہباز گل، علی امین گنڈاپور، شاندانہ گلزار، حماد اظہر، اعظم سواتی، شبلی فراز اور کنول شوزب سمیت دیگر شامل ہیں۔ ملزمان پر جی ایچ کیو گیٹ، آرمی میوزیم اور حمزہ کیمپ پر حملوں، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔
