3 ہزار سے زائد روکی گئی گاڑیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ، گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس نے سیاسی احتجاج کے باعث 3 ہزار سے زائد لوڈڈ اور خالی گاڑیاں مختلف علاقوں میں روک رکھی ہیں، جنہیں فوری طور پر ریلیز کیا جائے۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور پنجاب حکومت کو روکی گئی لوڈڈ گاڑیوں کی رہائی کے لیے 72 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔ مقررہ مدت میں تمام گاڑیاں ریلیز نہ ہوئیں تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، مندرہ، گوجر خان، سوہاوہ، دینہ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد اور سیالکوٹ کے علاوہ بلکسر، تلہ گنگ، چکوال، میانوالی، ملتان اور مظفرگڑھ سمیت مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں گاڑیاں روکی گئی ہیں۔

ان کے مطابق اسلام آباد سے ریلیز کی جانے والی تقریباً 50 گاڑیاں راولپنڈی میں دوبارہ روک دی گئیں، جبکہ راولپنڈی سے ریلیز ہونے والی 40 لوڈڈ گاڑیوں کو بلکسر، تلہ گنگ اور چکوال کے علاقوں میں دوبارہ روک لیا گیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے دعویٰ کیا کہ گاڑیوں کی بندش کے باعث ٹرانسپورٹرز کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے پر وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثنااللہ سے ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی اسلام آباد کی جانب سے احکامات کے باوجود لوڈڈ گاڑیوں کی رہائی نہ ہونا تشویشناک ہے۔ انہوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے فوری مداخلت کرکے تمام روکی گئی لوڈڈ گاڑیوں کو ریلیز کرنے کا مطالبہ کیا۔

Related posts

وفاقی وزراء مسلسل دہشت گردی کو خیبرپختونخوا حکومت سے جوڑ رہے ہیں، شفیع جان

ملاگوری واقعہ: ڈی پی او خیبر کو پولیس ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم، 7 روز میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت

کے پی حکومت کے آئینی حقوق معطل کرنے سے بحران مزید گہرا ہوگا، اسد قیصر