پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی پر حالات کو خون آلود بنانے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کرتے ہوئے عوام سے محتاط رہنے اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے عوام کو تشدد یا تصادم کی طرف دھکیلنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہو۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے بالخصوص پشتون نوجوانوں سے اپیل کی کہ انہیں کسی بھی سیاسی تصادم میں قربانی کا ایندھن نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون قوم پہلے ہی دہشت گردی، بدامنی اور تشدد کے باعث بھاری نقصان اٹھا چکی ہے، اس لیے نوجوانوں کو دوبارہ سیاسی محاذ آرائی کی بھینٹ چڑھانا کسی صورت مناسب نہیں۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ سیاسی اختلافات اور احتجاج جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 27 ستمبر کے احتجاج کے دوران اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور کسی بھی ممکنہ تصادم سے خود کو دور رکھیں۔
