ایتھنز ( پاک ٹوڈے): یونان میں ایئر شو کے دوران فضائیہ کا ایف 4 فینٹم جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثہ ایتھنز کے قریب واقع تاناغرا ایئر بیس پر جاری ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ ایئر شو میں فضائی مظاہرے کے دوران اچانک زمین پر آ گرا۔ حادثے کے وقت ایئر شو دیکھنے کے لیے ہزاروں تماشائی موجود تھے، جبکہ طیارہ مجمعے سے چند سو میٹر کے فاصلے پر گرا، جس کے باعث موقع پر موجود افراد میں شدید تشویش پھیل گئی۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے سیاہ دھویں کے بلند بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ آگ پر قابو پانے اور امدادی کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹرز کو فوری طور پر جائے حادثہ پر بھیجا گیا۔
حکام کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ دو نشستوں والا ایف 4 فینٹم تھا، جس میں دو پائلٹس سوار تھے۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دونوں پائلٹس حادثے سے قبل طیارے سے بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔
حادثے کے بعد ایئر شو کے مقام پر سکیورٹی بڑھا دی گئی جبکہ امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ہے۔