دہشت گردی سے متاثرہ صوبوں کو خطرہ قرار دینا افسوسناک ہے: شفیع جان

پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے مریم صفدر کے دہشت گردی سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔

شفیع جان نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی جیسے حساس اور سنگین قومی معاملے پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کرتا رہا ہے، جہاں پولیس اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے، اس لیے ایسے حساس معاملے پر صوبوں کے درمیان نفرت یا بداعتمادی پیدا کرنے والے بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مریم صفدر دہشت گردی کے معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کر رہی ہیں اور قومی یکجہتی کی ضرورت کے موجودہ ماحول میں صوبائیت کو ہوا دے رہی ہیں۔

شفیع جان نے مریم صفدر سے سوال کیا کہ خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں پر تنقید کے بجائے ملک دشمن سرگرمیوں کے حوالے سے بھی واضح مؤقف اختیار کیوں نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام صوبوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا جانا چاہیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دینے والے صوبوں کو ہی ملک کے لیے خطرہ قرار دینا ایک افسوسناک سوچ ہے۔ انہوں نے مریم صفدر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بیان پر عوام سے معافی مانگیں۔

دوسری جانب مریم صفدر کے حالیہ بیان میں دہشت گردی سے متاثرہ صوبوں، بالخصوص خیبر پختونخوا، کے حوالے سے کیے گئے ریمارکس پر خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

Related posts

کے پی میں مختلف کارروائیوں کے دوران 21 مبینہ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ: آئی ایس پی آر

موجودہ حکومت نے لوگوں کو رُلا دیا ہے، فواد چوہدری

سہیل آفریدی کا خاندانی سیاست پر سخت وار، اقتدار عوام سے آنے والوں کے پاس ہونا چاہیے۔