ایتھنز (پاک ٹوڈے): ترکیہ سے یونان جانے والے تارکینِ وطن کی ایک تیز رفتار کشتی کو یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں شیرخوار بچے سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 کو زندہ بچا لیا گیا۔
یونانی میڈیا اور کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثہ لیسبوس کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب پیش آیا، جہاں تارکینِ وطن کی کشتی مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری کشتی سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار مرد، ایک خاتون اور ایک شیرخوار بچہ شامل ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے 8 افراد کو زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حکام نے واقعے کے سلسلے میں 37 سالہ ترک شہری کو گرفتار کرلیا ہے، جس پر مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ اور کشتی چلانے کا الزام ہے۔ حادثے کی وجوہات اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔