صنعاء (پاک ٹوڈے): یمن میں حوثی حکام نے سعودی افواج پر تارکین وطن کو لے جانے والی ایک شہری کشتی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے، جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
حوثی وزارت صحت کے ترجمان انیس الاصبحی کے مطابق کشتی میں 25 سے زائد تارکین وطن سوار تھے، جسے ایک طیارے نے نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا ہے کہ حملے میں 19 افراد جان سے گئے جبکہ 4 زخمی ہوئے۔
حوثی ترجمان کے مطابق کشتی راس العرا کے علاقے سے جنوبی یمن کے شہر حیس کی جانب جا رہی تھی۔ انہوں نے واقعے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور پناہ گزینوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے تاحال اس الزام پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق یمن میں جاری لڑائی کے موجودہ مرحلے میں 1,600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 3 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔