پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق ممکنہ اقدامات پر وفاقی حکومت کو سخت ردعمل کا انتباہ دیا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ اگر گورنر راج لگانا ہے تو لگائیں اور اگر ایمرجنسی نافذ کرنی ہے تو وہ بھی نافذ کریں، لیکن ہمت پیدا کریں اور بتایا جائے کہ یہ کب لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 4 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کو کیسے روندیں گے؟ اگر ایسی کوئی حرکت کی گئی تو اس کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی کوئی کوشش کی گئی تو پہلے گورنر اور پھر گورنر ہاؤس کا محاصرہ کیا جائے گا۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کو نظر انداز کرکے کوئی اقدام کیا گیا تو اس کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہوگی۔