اسلام آباد / گوجرانوالہ (پاک ٹو ڈے): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کے اچانک معائنے کے دوران سنگین بے ضابطگیوں، بدانتظامی اور عوام کو درپیش مشکلات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دفتر کے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
‘پاک ٹو ڈے’ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ کے دورے کے وقت پاسپورٹ آفس اپنے مقررہ وقت (ساڑھے چار بجے) سے قبل ہی بند پایا گیا، جہاں عملہ غائب تھا اور سائلین کو باہر ہی سے واپس بھیجا جا رہا تھا۔ اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ عوامی سہولیات کے فراہمی میں ذرہ برابر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوام کو راحت پہنچانے کے لیے وزیر داخلہ نے گوجرانوالہ کے 24/7 میگا نادرا سینٹر میں ہی پاسپورٹ کی کاؤنٹر سہولت فراہم کرنے کا بھی بڑا اعلان کیا۔ بعد ازاں، انہوں نے لاہور میں ایف آئی اے کے زونل آفس میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور تمام ہوائی اڈوں پر امیگریشن کاؤنٹرز کے کیمرے فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔
