کنڑ اور ہلمند میں پاکستانی فضائی حملوں کی مذمت، حامد کرزئی کا افغان خودمختاری کے دفاع پر زور

کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کنڑ اور ہلمند کے رہائشی علاقوں پر پاکستانی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

حامد کرزئی کے مطابق حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افغان شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

سابق افغان صدر نے پاکستانی فوجی کارروائی کو افغانستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی اور ملکی خودمختاری پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام غیر ملکی جارحیت کے خلاف متحد ہوکر اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔

حامد کرزئی نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ افغان خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کے بجائے اپنی جنگجویانہ پالیسیوں اور معاندانہ منصوبوں پر نظرثانی کی جائے۔

انہوں نے انتہا پسندی اور تفریق کے فروغ کو ترک کرنے اور افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ اور مہذب تعلقات کی بنیاد پر روابط استوار کرنے پر بھی زور دیا۔

گزشتہ شب کنڑ کے شلتن ضلع اور ہلمند کے گرمسیر ضلع میں پاکستانی فضائی حملوں کے حوالے سے افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ رہائشی گھروں کو نشانہ بنایا گیا، 3 مکانات تباہ ہوئے، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 9 شہری جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان کے مؤقف کے مطابق کارروائیاں منصوبہ بند اور درست نوعیت کی تھیں اور 2 مقامات پر مسلح افراد کے ٹھکانوں اور کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی حکام نے ابتدائی اطلاعات کی بنیاد پر 22 مسلح افراد کی ہلاکت اور اسلحہ و گولہ بارود کی تباہی کا دعویٰ کیا جبکہ شہری نقصان سے بچنے کے لیے احتیاط برتنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔

Related posts

حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کردی

حکومت اور پی ٹی آئی میں بیک ڈور رابطے جاری، رانا ثناء اللہ کی عامر ڈوگر سے ٹیلی فون گفتگو

سوات میں طالب علم کی قابلِ اعتراض ویڈیو وائرل کرنے کا معاملہ، 3 ملزمان گرفتار