کراچی (پاک ٹوڈے): شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ڈاکو مارے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے بلال کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
اسی طرح اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر ایف 7 میں بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب سپر ہائی وے کے علاقے فقیرا گوٹھ میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون اور مرد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
ادھر محمود آباد میں ایک بریانی سینٹر پر فائرنگ سے دکان کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق بریانی سینٹر کے مالکان سے مبینہ طور پر بھتے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔