کراچی میں عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات، 5 برس میں 87 افراد جاں بحق

کراچی (پاک ٹوڈے): کراچی میں گزشتہ پانچ برس کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات میں مجموعی طور پر 87 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، شہر میں مخدوش اور غیر محفوظ عمارتوں کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میں عمارتیں گرنے کے تین واقعات میں 31 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ضلع کیماڑی میں بھی تین واقعات کے دوران 23 افراد جان سے گئے۔ ضلع شرقی میں تین واقعات میں 20 افراد اور ضلع کورنگی میں دو واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

اسی طرح ضلع وسطی میں عمارتیں گرنے کے دو واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ضلع ملیر اور ضلع غربی میں ایک ایک واقعہ رپورٹ ہوا، جن میں ایک ایک شخص جان سے گیا۔

گزشتہ پانچ برس کے دوران سب سے زیادہ جانی نقصان لیاری کے علاقے بغدادی میں پیش آنے والے واقعے میں ہوا، جہاں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے۔ شیر شاہ میں گیس دھماکے کے بعد عمارت منہدم ہونے سے 17 افراد، جبکہ سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں عمارت گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے 5 مزدور جان سے گئے، جبکہ نیو کراچی میں فیکٹری کا ڈھانچہ گرنے کے نتیجے میں 4 فائر فائٹرز جاں بحق ہوئے۔ مچھر کالونی میں عمارت اور چھت گرنے کے دو مختلف واقعات میں 6 افراد جان سے گئے۔

اس کے علاوہ پی آئی بی کالونی اور اولڈ لیاری میں عمارتیں گرنے کے واقعات میں دو، دو افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ کھڈا مارکیٹ لیاری میں غنی مینشن کا حصہ گرنے سے بھی دو افراد جان سے گئے۔

نارتھ ناظم آباد، اللہ والا ٹاؤن، بھینس کالونی اور منگھوپیر روڈ پر بھی عمارتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

شہر میں حالیہ عمارتوں کے انہدام کے واقعات نے ایک بار پھر تعمیراتی قوانین پر عمل درآمد، عمارتوں کی جانچ پڑتال اور غیر محفوظ عمارتوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت کو اجاگر کردیا ہے۔

Related posts

پاکستان میں 6 ہزار سائبر اسپیس ڈیفنڈرز بھرتی کرنے کا منصوبہ

آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کے خلاف کارروائی، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہم کمیٹی کا اجلاس شروع