کراچی میں بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 3 ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٰ

کراچی (پاک ٹوڈے): سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے کراچی میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دو اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

حکام کے مطابق گلستانِ جوہر کے بلاک 7 میں کارروائی کے دوران بی ایل اے سے تعلق کے الزام میں رحیم فضل ولد فضل محمود اور بلوچ بلوچ ولد رسول بخش کو گرفتار کیا گیا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزمان حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو آئی ای ڈی اور دستی بم سے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

حکام کے مطابق دوسری کارروائی میں گل بائی چوک کے پل کے نیچے سے ٹی ٹی پی سے تعلق کے الزام میں شاہ نور رحمان خان ولد اختر عالم کو گرفتار کیا گیا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور پانچ گولیاں برآمد ہوئیں۔

حکام نے مزید دعویٰ کیا کہ کارروائیوں کے دوران ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور ایک دستی بم بھی برآمد کیا گیا۔ تینوں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Related posts

شدت پسندوں کے لیے سائبر گائیڈ تیار کرنے والے یوسف شاہ کو برطانیہ میں 4 سال 2 ماہ قید

سیکیورٹی فورسز کا ساتھ نہ دینے والی جماعت مائنس ہو جائے گی، رانا ثنا اللہ

پشاور میں ایک لاکھ رکشے، صرف 23 ہزار رجسٹرڈ ہیں، گورنر کے پی