ژوب (پاک ٹوڈے) ضلع ژوب میں سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، دھماکا شیرانی سٹی پولیس اسٹیشن کے قریب شاکر ہوٹل کے عقب میں واقع پہاڑی علاقے میں ہوا۔
دھماکے کا ممکنہ ہدف
اطلاعات کے مطابق، نامعلوم افراد نے یہ دھماکہ خیز مواد سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا تھا، تاہم اس کی زد میں آکر دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق بچوں کی عمریں 13 اور 14 سال تھیں۔ دونوں کا تعلق مانی خواہ کے ایک خانہ بدوش خاندان سے تھا اور وہ دھماکے کے نتیجے میں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات شروع کردیں۔ تاہم فوری طور پر کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سرچ آپریشنز کے دوران مختلف کارروائیوں میں 10 شدت پسند مارے گئے، جبکہ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی سرنگیں تباہ کردی گئیں۔
نوشکی میں چوکی پر حملے کی کوشش
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران نوشکی کے علاقے مل ایریا میں سیکیورٹی فورسز نے چوکی پر حملے کی کوشش کرنے والے 2 شدت پسندوں کو کارروائی کے دوران مار دیا۔
لورالائی، مستونگ اور دیگر علاقوں میں سرنگوں کی تلاشی
لورالائی، ڈیگاری، کوہ مردار، مستونگ کی وادی کرم، گل جان بغداد اور صادق باغ کے علاقوں میں سرنگوں کی تلاشی اور کلیئرنس کے دوران دیسی ساختہ بم، آئی ای ڈیز اور اسلحہ برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا۔
تاہم سیکیورٹی ذرائع کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔