اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انہیں بھیجا گیا پانچ ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس قومی خزانے کے لیے نہیں بلکہ ایک ذاتی مطالبہ تھا، جبکہ اس مقصد کے لیے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا دفتر استعمال کرنا بھی غلط تھا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری سالک حسین نے کہا کہ انہوں نے قانونی نوٹس کا 15 نکات پر مشتمل تفصیلی جواب دیا، تاہم اس پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔ ان کے مطابق ان کی پوری توجہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر تھی اور انہوں نے اپنے جواب میں اسی معاملے پر بات کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوٹس کا جواب دینا ان کا قانونی حق ہے اور اگر متعلقہ فریق ان کے جواب سے مطمئن نہیں تو معاملہ عدالت میں لے جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معافی مانگنے اور پانچ ارب روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، اس لیے بہتر ہے کہ قانونی نوٹس کے بجائے معاملہ متعلقہ قانونی فورم پر پیش کیا جائے۔
چودھری سالک حسین نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنے جوابی ہتکِ عزت نوٹس میں کسی قسم کے ہرجانے کا مطالبہ نہیں کیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جوشِ خطابت میں جو الفاظ استعمال کرتی ہیں، ان کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ممکن ہے کہ بعد میں انہیں اپنے الفاظ یاد نہ رہتے ہوں۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے میں بدانتظامی انتہا کو پہنچ چکی ہے، 30 سے 40 ارب روپے ایڈوانس دینے کے باوجود منصوبے ٹھپ پڑے ہیں۔ ان کے بقول اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے میں بھی مشکلات نظر آتی ہیں اور غیر یقینی صورتِ حال میں صوبہ کیسے چل سکتا ہے۔
ڈی سی کی تبدیلی اور دیگر افواہوں کی تردید کرتے ہوئے چودھری سالک حسین نے کہا کہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی باتیں بے بنیاد ہیں اور انہیں ڈی سی کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی نے یہ باتیں کہنے کے لیے نہیں کہا اور انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی بلکہ حقائق سامنے رکھے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد سمیت کسی نے بھی معاملہ ختم کرنے کے لیے بات نہیں کی، کیونکہ جب انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی تو انہیں ملاقات کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئے۔