اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف نے چین میں 7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 16 افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زلزلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور لوگوں کے زخمی ہونے پر انہیں دلی دکھ ہے۔ پاکستان اس مشکل وقت میں چین کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
چین میں زلزلے کے باعث جانی نقصان کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔